پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں؛ وزیراعظم، مصنوعی قلت کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

image

اسلام آباد میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ملکی معیشت پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سادگی و کفایت شعاری کے اقدامات پر رپورٹ پیش کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ خطے کی صورتحال میں غیر یقینی برقرار ہے، اس لیے ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھی جائے اور ضرورت پڑنے پر بروقت اقدامات کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات اور توانائی کی بچت کی قومی مہم میں عوام کے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح گزشتہ سادگی مہم میں عوام نے ساتھ دیا، اسی طرز پر کفایت شعاری کو قومی سطح پر اپنانا ہوگا۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی سے ملک میں ایندھن کی فراہمی کی صورتحال قابو میں رہی اور حکومت نے عام آدمی، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے سبسڈی کے ذریعے قیمتوں کے اثرات کو کنٹرول کیا۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کے لیے بھی فراہمی یقینی بنا لی گئی ہے۔ اس اہم اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US