پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بنوں ضلع اور گردونواح میں سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ دنوں میں بنوں میں پولیس کے خلاف دہشت گرد حملوں اور خودکش بم دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف وسیع پیمانے پر مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز شروع کیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بنوں ضلع اور ملحقہ علاقوں میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے اور ان بزدلانہ حملوں میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔