خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک کر دیے جبکہ متعدد مشتبہ افراد فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے گلبہار، تھانہ حوید کی حدود میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تاکہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو محدود کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران مسلح افراد نے سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ دونوں جانب تقریباً 40 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ متعدد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کی اضافی نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کر لیا جبکہ فرار ہونے والے مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے تعاقب اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت، کرمنل پروفائلنگ اور فرانزک تجزیے کا عمل جاری ہے جبکہ ان کے سہولت کاروں، مالی معاونین، لاجسٹک سپورٹرز اور نیٹ ورکس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
کارروائی کے دوران حکام نے پانچ کلاشنکوفیں، 10 میگزین، پانچ بنڈولیئر، دو ہینڈ گرینیڈ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا ہے جنہیں مزید فرانزک تجزیے اور تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی ٹیم اور مقامی پولیس کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت ردعمل اور بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
آئی جی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ریاستی رٹ کے استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گی۔