محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل 24 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے جبکہ گزشتہ دو روز سے جاری بارشوں نے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔
شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لاہور کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور تقریباً 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے جس سے حبس اور گھٹن میں مزید کمی آئے گی۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ دو روز کی بارشوں کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں واضح کمی آئی ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری آمدورفت سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے