بھارت کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کی ایک طالبہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے، جس میں وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارت کی عالمی ساکھ سے متعلق سخت تنقید کرتی نظر آ رہی ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں جے این یو کی طالبہ نے کہا کہ بھارت کی عالمی سطح پر ساکھ کو نقصان پاکستان سے موازنہ کیے جانے سے بہت پہلے ہی پہنچ چکا تھا۔
طالبہ نے آپریشن سندور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اس وقت دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی رافیل طیارے گرائے گئے اور فوجی ہلاک ہوئے، تاہم بھارت نے ان دعوؤں کی تردید کی تھی۔
ویڈیو میں طالبہ کا کہنا تھا کہ "اس وقت آپ نے پاکستان اور دنیا کو کہا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا، لیکن اب ایک سال بعد آپ خود اعتراف کر رہے ہیں کہ ہمارے 6 جوان مارے گئے تھے، تو دنیا میں کیا پیغام گیا؟"
طالبہ نے مزید کہا کہ اس صورتحال سے یہ تاثر گیا کہ پاکستان کا مؤقف درست تھا، جس کے باعث بھارت کی عالمی سطح پر ساکھ متاثر ہوئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم ویڈیو کی آزادانہ تصدیق اور اس کے مکمل پس منظر کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔