ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد اضافہ، پیٹرول، ڈیزل اور ٹماٹر کی قیمتیں بڑھ گئیں

image

وفاقی ادارۂ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 9.66 فیصد تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارۂ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15.87 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 5.23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی عرصے میں ٹماٹر 39.92 فیصد، انڈے 7.31 فیصد، آلو 3.70 فیصد اور ایل پی جی 0.91 فیصد مہنگی ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لہسن، بیف اور دیگر متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جس سے صارفین پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ گیا۔

دوسری جانب بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران چکن 4.66 فیصد اور کیلے 1.72 فیصد سستے ہوئے، جبکہ چینی، چاول اور مختلف اقسام کی دالوں کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US