ٹانک میں مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ ناکام، 12 دہشت گرد ہلاک، 15 اہلکار شہید

image

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر بھارت کی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنادیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز کی مستعد اور جرات مندانہ کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور پسپا ہوگئے۔ فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ناکامی کے بعد حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں ہونے والے شدید دھماکے سے چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے باعث 15 افراد نے جامِ شہادت نوش کیا، جن میں پاک فوج کے 12 جوان، دو پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ موجود دیگر دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کیا جاسکے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ ”عزمِ استحکام“ کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کے دفاع میں شہید ہونے والے جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور ملک کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US