لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں متعدد افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔
لاہور کے علاقے گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے میاں، بیوی اور ان کی بیٹی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک بیٹی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔
گجرات کے محلہ بوڑوالہ میں مکان کی چھت گرنے کے باعث تین بہن بھائی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ چونیاں میں بھی گھر کی چھت گرنے سے 10 سالہ بچے سمیت دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔
ادھر قصور کے نواحی علاقے راجہ جنگ میں دو بچے جوہڑ میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔ فیروز پور روڈ کی شاداب کالونی میں بھی کمرے کی چھت گرنے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب مسلسل بارش کے باعث گجرات کے عزیز بھٹی شہید اسپتال میں بھی پانی داخل ہوگیا، جس سے اسپتال کے معمولات متاثر ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔