پاور سیکٹر کی اصلاحات رنگ لے آئیں: سرکلر ڈیٹ اور ڈسکوز کے نقصانات میں نمایاں کمی

image

ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں کے باعث پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ اور تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے نقصانات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے توانائی کے شعبے کی مالی صورتحال بہتر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق مالی سال 2023-24 میں پاور سیکٹر کا سرکلر ڈیٹ 2 ہزار 393 ارب روپے تھا، جو مالی سال 2024-25 میں کم ہو کر ایک ہزار 614 ارب روپے رہ گیا، یعنی ایک سال کے دوران سرکلر ڈیٹ میں 779 ارب روپے کی کمی آئی۔

انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے پاور سیکٹر کے 893 ارب روپے کے بجٹ میں 98 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی۔ اگر مختص فنڈز مکمل طور پر جاری کیے جاتے تو سرکلر ڈیٹ مزید کم ہو کر ایک ہزار 577 ارب روپے تک پہنچ جاتا، تاہم بجٹ میں کٹوتی کے باعث رواں مالی سال میں سرکلر ڈیٹ میں 61 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ڈسکوز کے نقصانات میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ مالی سال 2023-24 میں نقصانات 591 ارب روپے تھے، جو مالی سال 2024-25 میں کم ہو کر 397 ارب روپے رہ گئے، جبکہ مالی سال 2025-26 میں مزید کمی کے بعد یہ 326 ارب روپے تک آ گئے ہیں۔ اس طرح دو سال کے دوران مجموعی طور پر 265 ارب روپے کے نقصانات میں کمی لائی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ پاور سیکٹر میں نافذ کی گئی اصلاحات کے مثبت نتائج مسلسل سامنے آرہے ہیں اور توانائی کے شعبے میں اصلاحاتی عمل مؤثر انداز میں جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں کی گئی 98 ارب روپے کی کٹوتی ایک وقتی مالیاتی اقدام تھا، جس کا تعلق کارکردگی میں کسی کمی سے نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ توانائی کے شعبے کو مالی طور پر پائیدار بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US