اپنا گھر اسکیم: 204 ارب کی فنانسنگ منظور، جائزہ اجلاس میں وزیراعظم کی اہم ہدایات

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت غریب اور متوسط طبقے کو گھر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ”وزیراعظم اپنا گھر اسکیم“ کا آغاز کیا گیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت “پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم” پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکیم پر ہونے والی پیشرفت اور فنانسنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اپنا گھر اسکیم پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے سرکاری اور نجی بینکوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اسکیم کی کامیابی کے لیے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ فراہم کریں۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اپنا گھر اسکیم کے لیے عمودی (Vertical) اور افقی (Horizontal) ماڈل ہاؤسنگ منصوبوں کی جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنا گھر اسکیم کے تحت بینک اب تک 204 ارب روپے کی فنانسنگ منظور کر چکے ہیں، جبکہ 27 ارب روپے کی فنانسنگ جاری کی جا چکی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان ہر ہفتے اسکیم پر پیشرفت کا مشترکہ جائزہ لے رہے ہیں تاکہ عمل کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US