کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں لیاری ندی میں گرنے والے 4 سالہ بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے جبکہ بچے کو بچانے کی کوشش کرنے والا 17 سالہ نوجوان اپنی جان کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق چار سالہ شاویز گزشتہ روز سائیکل چلاتے ہوئے اچانک لیاری ندی میں گر گیا۔ موقع پر موجود 17 سالہ نوجوان گلاب نے بچے کو بچانے کے لیے فوراً ندی میں چھلانگ لگا دی، تاہم وہ خود بھی ڈوب گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے نوجوان گلاب کی لاش نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی، جبکہ کمسن شاویز کی تلاش کے لیے واٹر ریسکیو وہیکل، غوطہ خوروں اور دیگر امدادی ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں۔
ایس ایچ او سہراب گوٹھ گل بیگ پنجیرو کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب شاویز سائیکل چلاتے ہوئے ندی میں جا گرا۔ ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات دیر تک سرچ آپریشن جاری رہا اور آج بھی غوطہ خور بچے کی تلاش میں مصروف ہیں۔