پاکستان اور قازقستان کا بحری تعاون، تجارتی سہولت کاری اور شپنگ کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کا عزم

image

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے قازقستان کے سفیر یرزھان کستافین نے الوداعی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون، تجارت، شپنگ اور علاقائی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلقات کے استحکام میں قازق سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحری شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بندرگاہوں، شپنگ، تجارتی سہولت کاری اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قازقستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہیں قازق کارگو کے لیے جدید سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جبکہ فری زونز میں مشترکہ سرمایہ کاری اور منصوبوں کے بھی روشن امکانات موجود ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی بندرگاہیں قازقستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے لیے ٹرانزٹ ہب کا کردار ادا کر سکتی ہیں، جس سے انہیں خلیجی ممالک، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا کی منڈیوں تک مؤثر رسائی حاصل ہوگی۔

اس موقع پر قازقستان کے سفیر یرزھان کستافین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کی گنجائش موجود ہے اور بحری و بندرگاہی شعبوں میں قریبی تعاون سے نئے تجارتی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

ملاقات میں ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے قازق تجارت کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف عملی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US