پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عظیم صوفی بزرگ اور شاعر کا لازوال پیغام آج بھی محبت، امن، رواداری اور انسانیت کی ابدی اقدار کو فروغ دے رہا ہے۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کلام زمان و مکان کی حدود سے بالاتر ہو کر انسانیت کو برداشت، اتحاد، انکساری اور بے لوث خدمتِ خلق کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی طاقت انہی اعلیٰ انسانی اقدار میں پوشیدہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، نفرت، تشدد اور انتہاپسندی کو مسترد کریں اور محبت، ہم آہنگی اور انسانیت کے احترام کو معاشرے سمیت پوری دنیا میں فروغ دیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ امن، باہمی رواداری، بقائے باہمی، شمولیت اور سماجی ہم آہنگی پر مبنی صوفی روایات پاکستان کی حقیقی روح کی عکاس ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ان درخشاں روایات کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔