لاہور کے علاقے باغبانپورہ، کوٹلی پیر عبدالرحمان میں رات گئے ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں بوسیدہ تین منزلہ مکان کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ رات تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ اس وقت مکان میں 18 سے زائد افراد موجود تھے جو چھت گرنے سے ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ مقامی شہریوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے کئی افراد کو ملبے سے نکالا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین، 2 بچے اور 2 نوجوان شامل ہیں۔ جن افراد کی اب تک شناخت ہو سکی ہے ان میں 60 سالہ شاہدہ، 52 سالہ ثمینہ، 25 سالہ مجاہد اور 7 سالہ حماد شامل ہیں۔
حادثے میں زخمی ہونے والے ناصر، زاہد، شاہد، صابر، ثانیہ اور سحر کو فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے رات گئے جائے وقوعہ اور سروسز اسپتال کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ ملبے کے نیچے مزید 6 سے 7 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث آخری متاثرہ شخص کو نکالنے تک ریسکیو آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔