نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں 4 اگست 2026 تک متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران موسلا دھار بارشوں کے باعث کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اسی طرح پنجاب اور سندھ کے دریاؤں میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافے اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اشیاء پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں۔ شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ موسمی انتباہات اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔