گلگت بلتستان میں واقع دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد لاپتہ ہونے والے 10 کوہ پیماؤں میں سے 4 کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ باقی لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق کوہ پیماؤں کی ٹیم 8 ہزار 47 میٹر بلند براڈ پیک کو سر کرنے کی مہم پر تھی کہ اچانک برفانی تودے کی زد میں آ گئی، جس کے بعد ٹیم سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
حکام کے مطابق لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے جاری آپریشن کی قیادت معروف پاکستانی کوہ پیما سرباز خان کر رہے ہیں۔ لاپتہ ٹیم میں پاکستانی، نیپالی، امریکی اور عمانی کوہ پیما شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں انتہائی دشوار گزار پہاڑی علاقے میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں تاہم خراب موسم اور دشوار جغرافیائی حالات کے باعث امدادی کارروائیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
براڈ پیک سطح سمندر سے 8 ہزار 47 میٹر بلند دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی ہے، جو قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں کے ٹو کے قریب واقع ہے اور دنیا کی مشکل ترین کوہ پیمائی کی چوٹیوں میں شمار کی جاتی ہے۔