سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی سے متعلق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف دائر چیمبر اپیل منظور کرتے ہوئے رجسٹرار کے اعتراضات کالعدم قرار دے دیے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیمبر میں اپیل کی سماعت کی جس کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل عذیر کرامت بھنڈاری عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے بعد چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست کو باقاعدہ نمبر الاٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
عدالت نے وکیل عذیر کرامت بھنڈاری کو دستخط شدہ وکالت نامہ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی سے متعلق اپیل کو عظمیٰ خان کے زیر التوا مقدمے کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بانی پی ٹی آئی اور عظمیٰ خان کی درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا بھی منظور کر لی جس کے بعد دونوں درخواستوں پر آئندہ کارروائی جلد متوقع ہے۔