لاہور: دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، لائسنس اور روٹ پرمٹ معطل کرنے کا اعلان

image

دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس نے سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ایسے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ دھواں چھوڑنے والی کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ان کے روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں بغیر ترپال مٹی، ریت اور دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کے داخلے پر پابندی عائد ہے، جبکہ خلاف ورزی پر اب تک 1013 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے شہر کے 12 داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں، جبکہ 45 خصوصی ٹیمیں بھی فیلڈ میں تعینات ہیں۔ رواں ماہ دھواں چھوڑنے والی 3649 گاڑیوں، آلودگی کا باعث بننے والی 2183 گاڑیوں اور بغیر فٹنس یا خستہ حال 6820 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ بغیر ترپال، پانی کے چھڑکاؤ اور دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر ٹریکٹر ٹرالیاں چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) پر مبنی جدید نظام کے ذریعے بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کر کے ان کے چالان کیے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US