وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اوگرا کی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تیل و گیس کے شعبے میں شفافیت، ڈیجیٹل نگرانی اور ریگولیٹری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے جدید ٹریک اینڈ ٹریس نظام کو ماڈل بناتے ہوئے ملک بھر میں ایندھن کی ترسیل کی مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں اور آئل ریفائنریوں سے لے کر پٹرول پمپس تک سپلائی چین کی جدید ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور ناجائز منافع خوری کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے اوگرا کی تنظیم نو اور ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے سے اچھی شہرت کے حامل ماہرین کو میرٹ کی بنیاد پر تعینات کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اوگرا کی اصلاحات کے لیے ہر ممکن پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرے گی اور عوام کے مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے متعلقہ ریگولیٹری اداروں اور وزارتوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنانے، منظور شدہ پالیسی کے تحت آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کا عمل تیز کرنے اور اصلاحاتی ایجنڈے پر فوری عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں چیئرمین اوگرا نے ادارے کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور اصلاحاتی پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ قومی مانیٹرنگ ڈیش بورڈ، ٹینکر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، ڈپو ٹینک ٹیلی میٹری، راہگزر موبائل ایپ، پیٹرول پمپس پر ڈیجیٹل سیلز انٹری سسٹم اور مرکزی مانیٹرنگ سیل سمیت متعدد جدید نظام فعال کیے جاچکے ہیں، جن کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت، ذخائر اور فروخت کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ جولائی 2026 کے دوران ڈیٹا پر مبنی خصوصی مہم میں ذخیرہ اندوزی، سپلائی میں غیر ضروری رکاوٹوں اور دیگر خلاف ورزیوں کے متعدد واقعات سامنے آئے، جن پر شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
وزیراعظم نے اوگرا کے جامع اصلاحاتی پروگرام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تیل و گیس کے شعبے میں مکمل شفافیت، مؤثر نگرانی اور ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ڈیجیٹل نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مناسب قیمت پر ایندھن کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بدعنوانی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔