حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کر دی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 12 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 336 روپے 3 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 392 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 42 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول 1 روپے 9 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔ تاہم اب نئی نظرثانی کے بعد دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کر دی گئی ہے۔