براڈ پیک سانحہ: 8 کوہ پیماؤں کی ہلاکت کی تصدیق، 2 تاحال لاپتہ، ریسکیو آپریشن جاری

image

دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے المناک واقعے میں لاپتہ ہونے والے 10 کوہ پیماؤں میں سے 8 کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے، جبکہ ان کی لاشیں بھی ریکور کر لی گئی ہیں۔ دو کوہ پیما، جن میں پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی شامل ہیں تاحال لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔

حکام کے مطابق بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی 10 رکنی ٹیم کیمپ ٹو سے کیمپ تھری کی جانب روانہ تھی کہ راستے میں برفانی تودے کی زد میں آ گئی۔ ڈرون فوٹیج میں مزید متاثرین کی موجودگی کی تصدیق کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا ہے تاہم خراب موسم امدادی سرگرمیوں میں بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے کوہ پیماؤں میں سے چار کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ تین میتوں کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سکردو منتقل کر دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر سیاحت نیک نام کریم نے کہا ہے کہ لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب کمشنر بلتستان کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مزید تیز کر دیا جائے گا۔

گلگت بلتستان حکومت نے براڈ پیک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے مکمل تعاون اور ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US