آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کے بعد ایل این جی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے جس کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل این جی کی قیمت میں 34.55 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے لیے ایل این جی 6.31 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہونے کے بعد نئی قیمت 25.84 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی کے لیے ایل این جی کی قیمت میں 6.45 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 25.08 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ اوگرا نے گزشتہ روز ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی 12 روپے 89 پیسے فی کلو مہنگی ہونے کے بعد نئی قیمت 254 روپے 32 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت بڑھ کر 3 ہزار 92 روپے ہو گئی ہے۔
اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہو گیا جبکہ ایل این جی کی نئی قیمتیں بھی جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نافذ العمل ہوں گی۔