وزیراعظم شہباز شریف نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو تیل و گیس کے شعبے میں مکمل شفافیت یقینی بنانے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی جس میں توانائی اور تیل و گیس کے شعبے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے حکومت کو شعبے کی بہتری کے لیے پالیسی سفارشات بھی پیش کیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے عالمی بینک کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ قابلِ عمل تجاویز پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے اوگرا کو ہدایت کی کہ تیل و گیس کے شعبے میں جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے تاکہ سپلائی چین کی مؤثر نگرانی، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام، ناجائز منافع خوری کے خاتمے اور صارفین کو شفاف اور بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔