چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو بتایا جائے کہ موجودہ نظام کو ڈیفالٹ موڈ پر کون لے کر گیا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے نظام کی تباہی کی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام کی بات کی جا رہی ہے تاہم اس کے لیے وسیع عوامی مینڈیٹ اور سیاسی اتفاقِ رائے ضروری ہے، جو موجودہ حکمران جماعتوں کے پاس موجود نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ صوبوں سے متعلق آئینی ترامیم جلد بازی میں نہیں کی جا سکتیں بلکہ اس مقصد کے لیے تمام سیاسی قوتوں کی مشاورت اور عوام کی تائید ناگزیر ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ان کی جماعت کا مطالبہ ہے کہ ملک میں فوری طور پر قومی حکومت قائم کی جائے تاکہ شفاف اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔