شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک افسر میجر حافظ احسان الٰہی نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اگست 2026 کو رزمک میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی کے تحت پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی جن کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا، جوانوں کی اگلے مورچوں سے قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور وطن پر جان نچھاور کر دی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ مارے جانے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، جبکہ وطن کے دفاع میں شہداء کی قربانیاں قوم کے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔