چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ ہے اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے، جبکہ دونوں ممالک کی مسلح افواج خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو یومِ تاسیس کی مبارکباد پیش کی اور چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پی ایل اے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور چینی پیپلز لبریشن آرمی خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔