لاہور کے علاقے کاہنہ میں نشے کے لیے رقم نہ ملنے پر ایک شخص نے اپنی بیوی اور تین بیٹیوں پر چھریوں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں چاروں خواتین زخمی ہو گئیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور آلۂ واردات بھی قبضے میں لے لیا۔
واقعے کا چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
حنا پرویز بٹ نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ مقدمے کی تفتیش تمام قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کی جائے اور ملزم کے خلاف مضبوط چالان عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ اسے قانون کے مطابق سخت سزا مل سکے۔
انہوں نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ٹیم کو متاثرہ خاندان کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے اور زخمی خاتون سمیت تینوں بچیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچیوں پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشے کی لت کسی شخص کو اپنی بیوی اور بیٹیوں کی جان لینے کا جواز فراہم نہیں کر سکتی، جبکہ اپنے ہی گھر کی خواتین پر قاتلانہ حملہ انتہائی سفاکانہ، شرمناک اور ناقابل برداشت جرم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق خواتین پر تشدد کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا خواتین کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ خواتین پر تشدد کے کسی بھی واقعے کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔