آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کر لی۔ غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) اب تک 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 5 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 8 حلقوں اور مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ بیشتر علاقوں میں ووٹنگ پرامن رہی، تاہم ایل اے 27 میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچ سکا، جس کے باعث تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔
غیرحتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے مظفرآباد، جموں اور کشمیر ویلی کی مہاجر نشستوں پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی چند حلقوں میں کامیابی حاصل کی اور نیلم ویلی کی ایک نشست پر برتری برقرار رکھی۔
چند حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، جبکہ حتمی نتائج الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جائیں گے۔