پنجاب میں گرین انڈسٹریل اکنامک زون کی منظوری، سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعات

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے میں جدید گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے منصوبے پر تیز رفتار عملدرآمد کے لیے متعلقہ حکام سے جامع ایکشن پلان بھی طلب کر لیا۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں او پی ایف کے چیئرمین سید قمر رضا نے مجوزہ گرین انڈسٹریل اکنامک زون پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ وفد نے او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں عالمی معیار کا ماحول دوست صنعتی زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجوزہ اکنامک زون میں سولر، ونڈ، ہائیڈرو، گراؤنڈ سورس انرجی، بیٹری اسٹوریج اور ایچ وی او بیک اپ سسٹمز پر مشتمل جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے صنعتوں کو ماحول دوست اور پائیدار توانائی فراہم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق منصوبے سے 18 ہزار سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سالانہ 5.6 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے جبکہ ماحول دوست مصنوعات کی برآمدات کے ذریعے قومی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) میں تقریباً 1.5 فیصد اضافے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔ منصوبہ کاربن کے اخراج میں کمی اور پاکستان کے نیٹ زیرو اہداف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں نئی صنعتوں اور کاروبار کے قیام کے لیے زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ پالیسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام ضروری این او سیز کی بروقت فراہمی کا مؤثر نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لیے شفاف، محفوظ اور بیوروکریٹک رکاوٹوں سے پاک ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کو گرین انڈسٹری، صاف توانائی اور عالمی تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US