این ڈی ایم اے کا بڑے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا الرٹ، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز

image

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 4 اگست تک ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے اور مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے لہڑی میں ہیڈ گوگی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ وزیرآباد میں نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ، گڈو اور سکھر بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ دریائے ناری میں ہیڈ ناری کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادھر شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں نالہ ڈیک کے اوور فلو ہونے سے متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جہاں انتظامیہ اور امدادی ادارے متاثرہ افراد کی مدد میں مصروف ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے چیئرمین رانا احمد عتیق انور، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین پی ڈی ایم اے پنجاب اور کمشنر لاہور نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

وفد نے فلڈ ریلیف کیمپ میں متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک تیار کھانا، صاف پینے کا پانی، طبی سہولیات اور دیگر ضروری اشیاء کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US