کبل خودکش دھماکا: حملہ آور کی شناخت ہوگئی، جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی، آئی جی خیبر پختونخوا

image

انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ کبل تھانے کے قریب ہونے والے خودکش حملے میں ملوث حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے گی۔

سوات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ حملے کے خدشات کے پیش نظر پہلے ہی سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ ان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی، جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ذوالفقار حمید نے بتایا کہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو شہدا پیکج فراہم کیا جائے گا، جبکہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس جدید اسلحے اور وسائل سے لیس ہے اور اس صلاحیت کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مسلسل اپنی حکمت عملی اور ٹھکانے تبدیل کرتے رہتے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز ان کا تعاقب کر رہی ہیں اور انہیں دوبارہ منظم ہونے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ خودکش حملہ آور کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US