خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں تھانہ کبل کے مرکزی دروازے کے قریب گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 16 ہوگئی جن میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ خودکش دھماکے کے بعد علاقے شروع کیا گیا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی قیادت میں بھاری پولیس نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر مل چکا ہے، ابتدائی شواہد سے حملہ آور کے افغان شہری ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ تاہم واقعے کی حتمی نوعیت اور حملہ آور کی شناخت سے متعلق تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
کبل خودکش دھماکا: 5 شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا، مقدمہ درج
سی ٹی ڈی تھانہ کبل کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے 5 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔
نمازِ جنازہ میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، پولیس افسران، شہداء کے اہلِ خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ ان کی میتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی تھانہ کبل میں خودکش حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔