پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ سرمایہ کاری اور روزگار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کا لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نجی شعبے کی قیادت میں سرمایہ کاری، صنعت اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ، پبلک ایکویٹی مارکیٹ کی توسیع اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ جلد تیار کر کے پیش کیا جائے، تاکہ سرمایہ کاری کے لیے مقامی فنڈز کی دستیابی میں اضافہ ہو اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بھی سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے جبکہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں سرمایہ کاری بڑھانے، کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور دیگر اہم شعبے پاکستان کی معیشت کی ترقی کے بنیادی محرک بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پبلک ایکویٹی مارکیٹ ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے اس امر کی نشاندہی بھی کی کہ بینکاری شعبے کی جانب سے سرمایہ کاری کا حجم ابھی محدود ہے جس کے باعث متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US