چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے مظفرآباد ڈویژن کی سات قانون ساز اسمبلی نشستوں کے سرکاری نتائج کا اعلان کردیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن میں ووٹرز نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مجموعی ٹرن آؤٹ 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق حلقہ ایل اے 25 سے شاہ غلام قادر، ایل اے 26 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے میاں وحید، ایل اے 29 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار مختار خان، ایل اے 30 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مصطفیٰ بشیر، ایل اے 31 سے راجہ ثاقب مجید، ایل اے 32 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راجہ فاروق حیدر خان جبکہ ایل اے 33 سے دیوان علی خان چغتائی کامیاب قرار پائے ہیں۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ منتخب اراکین حلف نہیں اٹھا سکتے۔ اگر چند نشستوں پر انتخابی عمل باقی ہے تو اس بنیاد پر یہ کہنا درست نہیں کہ اسمبلی مکمل نہیں ہے۔ انہوں نے انتخابات کے پرامن اور منظم انعقاد میں کردار ادا کرنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حلقہ ایل اے 28 کے 54 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کل ہوگی، جبکہ حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد-1 میں بھی کل ووٹنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔