وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے برتری حاصل کرتے ہوئے سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے، جبکہ مخالفین کو انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام نے بھرپور انداز میں حصہ لیا اور تعمیر و ترقی، عوامی خدمت اور مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ترقیاتی منصوبوں اور بہتر طرز حکمرانی کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں سیاسی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں اور جمہوری عمل کامیابی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اختلاف رائے اور نوک جھونک جمہوری نظام کا حصہ ہے، تاہم تمام سیاسی جماعتوں کو برداشت، تحمل اور رواداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیابی پر مبارکباد دینا ایک مثبت جمہوری روایت ہے، جسے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پاس انتخابی عمل سے متعلق کوئی اعتراض یا الزام ہے تو وہ اس کے ثبوت بھی پیش کرے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو انتخابی نتائج کا احترام کرتے ہوئے عوام کے فیصلے کو تسلیم کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔