چہلمِ امام حسینؓ، ملک بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات، جلوس بخیر و عافیت اختتام پذیر

image

نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جاں نثاروں کے چہلم کے موقع پر کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں شبیہ و علم، تابوت اور ذوالجناح کے مرکزی جلوس برآمد ہوئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوگئے۔

عزاداروں نے نوحہ خوانی اور سلام پیش کرتے ہوئے خانوادۂ رسولﷺ کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر حیدرآباد، خیرپور، فیصل آباد، جھنگ، گلگت، اسکردو، میرپور آزاد کشمیر، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ جلوس کے راستوں میں عزاداروں کے لیے دودھ اور شربت کی سبیلیں، نذر و نیاز اور طبی امدادی کیمپوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جہاں اس سے قبل علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے فلسفۂ شہادت پر روشنی ڈالی۔

مجلس کے بعد بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں برآمد ہونے والے جلوس میں ہزاروں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی اور یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا۔

لاہور میں مرکزی جلوس اندرون شہر کی حویلی الف شاہ سے برآمد ہوا جہاں شرکا نے عزاداری اور زنجیر زنی کی۔ یہ جلوس سنہری مسجد میں نمازِ ظہرین کی ادائیگی اور ٹبی سٹی سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر تمام شد ہوا۔

راولپنڈی میں بھی شہدائے کربلا کا جلوس سخت سیکیورٹی میں اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا جامع مسجد روڈ پہنچ کر مکمل ہوا۔

دوسری جانب کوئٹہ میں چہلم کے سلسلے میں دو جلوس برآمد کیے گئے، پہلا مرکزی جلوس صبح علمدار روڈ پر رحمت اللہ چوک سے برآمد ہو کر بہشت زینب قبرستان پہنچا، جبکہ دوسرا جلوس ہزارہ ٹاؤن کی امام بارگاہ ولی عصر سے برآمد ہو کر ہزارہ قبرستان پر اختتام پذیر ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US