وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام حکومت کے ایجنڈے میں شامل نہیں جبکہ ملک کا موجودہ پارلیمانی نظام ہی بہترین ہے اور یہی نظام ملک کو چلانے کے لیے کافی ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی کے کسی فورم پر نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا اس لیے یہ معاملہ سرے سے ایجنڈے پر موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین اور موجودہ پارلیمانی نظام گزشتہ پانچ دہائیوں سے ملک کو متحد رکھے ہوئے ہے جبکہ ملکی مسائل کی اصل وجہ نظام نہیں بلکہ آئین پر مکمل عمل درآمد نہ ہونا ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) وہاں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے اور آئندہ مرحلے کی 10 نشستوں میں سے 7 پر کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے باعث کشمیری عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئین پر دیانت داری سے عمل کیا جائے تو موجودہ نظام ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔