یومِ شہدائے پولیس، وزیراعظم کا بہادر اہلکاروں کو شاندار خراجِ عقیدت

image

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کے امن، قانون کی حکمرانی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پاکستان پولیس نے ہمیشہ صفِ اول کا کردار ادا کیا اور غیر متزلزل عزم، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملک میں امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کو مضبوط بنانے میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے بلکہ ان کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی سلام پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود، مالی معاونت، معیاری تعلیم، بہترین طبی سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات کی فراہمی کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پولیس فورس کو جدید وسائل اور ضروری سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ اہلکار اپنی قومی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ قانون کی بالادستی، انصاف کے تحفظ، دہشت گردی اور جرائم کے مکمل خاتمے اور شہداء کی قربانیوں کے مطابق ایک پرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US