لاہور اور اسلام آباد میں بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ

image

محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بھی آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ کل تک برقرار رہنے کا امکان ہے اور مختلف اوقات میں تیز بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 جبکہ کم سے کم 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ مون سون سسٹم کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارش کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے جبکہ آندھی اور گرج چمک کے دوران شہری کھلے مقامات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US