مون سون کی شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں قدرتی آفات کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ سوات کے سیاحتی علاقے کالام بحرین روڈ پر کلاؤڈ برسٹ کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں مٹی، پتھر اور ملبہ تیزی سے سڑک پر آگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق اچانک ملبہ بہہ آنے پر مقامی افراد اور سیاحوں نے بروقت بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں، جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر مون سون بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ، گلیشیئرز پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات بدستور موجود ہیں، جس کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری طور پر پہاڑی علاقوں کا سفر نہ کریں، جبکہ ندی نالوں اور خطرناک مقامات کے قریب جانے سے بھی گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔