لندن میں پاکستانیوں کے لیے جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت شروع

image

پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اعلان کیا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت اب براہِ راست ہائی کمیشن لندن میں بھی دستیاب ہے، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو مزید آسانی اور سہولت میسر آئے گی۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام وزیراعظم کے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر سہولیات اور قونصلر خدمات کے دائرہ کار میں توسیع کے وژن کے مطابق کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق جائیداد کی منتقلی کے لیے اب اوورسیز پاکستانیوں کو نہ تو پاور آف اٹارنی بنوانے کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنا پڑیں گی۔ جائیداد کی منتقلی کا عمل براہِ راست جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

پاکستان ہائی کمیشن نے بتایا کہ اس نئے نظام کے تحت جائیداد کی منتقلی کا عمل شفاف، تیز رفتار اور کم لاگت ہے جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اس مقصد کے لیے پاکستان سفر کرنے کی بھی ضرورت نہیں رہے گی۔

ہائی کمیشن کے مطابق اس سہولت کے تحت مسٹر فضل اور ان کے اہلِ خانہ کی جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کا عمل کامیابی سے مکمل کیا جا چکا ہے جو اس نظام کی مؤثر کارکردگی کی ایک مثال ہے۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جائیداد کی براہِ راست اور ڈیجیٹل منتقلی سمیت قونصلر خدمات کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US