13 سالہ انامیکا اختر قانونی جدوجہد کے بعد 7 ماہ کا بیٹا واپس لینے میں کامیاب

image

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق ڈھاکہ کی 13 سالہ انامیکا اختر جوئی کو عدالتی حکم کے بعد ان کا سات ماہ کا بیٹا واپس مل گیا ہے۔

کم عمری میں شادی اور بچے کی تحویل کے تنازع کے باعث انامیکا کی کہانی گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق انامیکا نے الزام عائد کیا تھا کہ بچے کی پیدائش کے چند ماہ بعد انہیں گھر سے نکال دیا گیا اور ان کا بیٹا ان سے الگ کردیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے قانونی مدد حاصل کی، جس پر عدالت نے پولیس کو بچے کی بازیابی کا حکم دیا۔ سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے بچے کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے عبوری طور پر اسے والدہ کے حوالے کردیا، جبکہ مستقل تحویل کا فیصلہ اب بھی فیملی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔

دوسری جانب بچے کے والد شکیل عرف شکیب میاں نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنا الگ مؤقف پیش کیا ہے۔ اس معاملے سے متعلق دونوں فریقین کی جانب سے مختلف دعوے سامنے آئے ہیں، تاہم ان کی آزادانہ تصدیق تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ قانونی کارروائی بدستور جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US