غزہ: اسرائیلی حملے کے تین سال بعد 112 شہداء کی اجتماعی تدفین

image

غزہ میں تقریباً تین سال قبل ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کے ملبے سے برآمد ہونے والی 112 فلسطینیوں کی باقیات کو اجتماعی جنازے کے بعد سپردِ خاک کردیا گیا۔ فلسطینی حکام کے مطابق یہ تمام افراد الحساینہ (ابو شریعہ) خاندان سے تعلق رکھتے تھے، جس کے سیکڑوں افراد نومبر 2023 میں ایک ہی حملے میں جان سے گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں خاندان کے 308 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں سے متعدد کو پہلے ہی دفن کر دیا گیا تھا، جبکہ بڑی تعداد ملبے تلے دبی رہ گئی۔ حالیہ ریسکیو کارروائی کے دوران 40 رکنی ٹیم نے 17 روز تک مسلسل ملبہ ہٹایا، جس کے بعد 112 افراد کی باقیات برآمد ہوئیں۔ ان کی شناخت اہلِ خانہ کی معلومات، کپڑوں، جسمانی نشانات، طبی آلات اور دیگر شواہد کی مدد سے ممکن بنائی گئی۔

غزہ میں ہونے والے اجتماعی جنازے میں متاثرہ خاندان، مقامی شہریوں اور سوگواروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ سفید کفنوں میں لپٹی باقیات کو اسٹریچرز پر رکھ کر قبرستان منتقل کیا گیا، جبکہ فلسطینی حکام نے اسے جنگ کے دوران ہونے والے بڑے اجتماعی جنازوں میں سے ایک قرار دیا۔

خاندان کے زندہ بچ جانے والے افراد نے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے ناقابلِ بیان دکھ کا باعث تھا، تاہم انہیں اطمینان ہے کہ ان کے پیاروں کو بالآخر باعزت تدفین نصیب ہوئی۔

دوسری جانب فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 73 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہونے کا خدشہ ہے۔

رائٹرز کے مطابق نومبر 2023 کے اس حملے پر اسرائیلی فوج کا کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ حالیہ تبصرے کی درخواست کا بھی فوری جواب نہیں دیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US