نجکاری کمیشن کی تنظیم نو: مالیاتی، قانونی اور آئی ٹی ماہرین کو شامل کرنے کا فیصلہ

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری اور نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی اصلاحات و تنظیم نو کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجکاری کے عمل کو تیز، شفاف اور عالمی معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لیے متعدد اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈسکوز کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے، جبکہ نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرون و بیرون ملک منعقد کیے گئے کامیاب روڈ شوز حوصلہ افزا ہیں اور ان کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد، شفافیت اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ ادارے کی استعداد کار میں اضافہ ہو اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری کے تمام مراحل میں بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل کنسلٹنٹس کی تجاویز سے استفادہ کیا جائے اور مطلوبہ قانونی و مالیاتی ریگولیٹری فریم ورک بروقت مکمل کیا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ہر صورت ترجیح دی جائے اور نجکاری کے بعد اداروں میں صارفین کی شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے جامع انتظامی نظام قائم کیا جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل گیپکو (GEPCO)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (FESCO) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (IESCO) میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے اندرون اور بیرون ملک روڈ شوز مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ ترکیہ، سعودی عرب اور چین میں ہونے والے روڈ شوز اور سرمایہ کاروں سے رابطوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

بریفنگ میں نجکاری کمیشن کی جانب سے پہلے مرحلے کی پیش رفت، ادارہ جاتی تنظیم نو اور اعلیٰ معیار کی افرادی قوت کی شمولیت سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US