ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ ہائی پروفائل قرار، مضبوط پراسیکیوشن کی یقین دہانی

image

پنجاب کے پراسیکیوٹر جنرل عرفان صادق تارڑ نے ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے کو ہائی پروفائل کیس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے ٹیسٹ کیس کے طور پر چلایا جائے گا تاکہ مؤثر تفتیش اور مضبوط پراسیکیوشن کے ذریعے ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جاسکے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صادق تارڑ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور بتایا کہ تفتیشی افسر کو مقدمے کا مکمل ریکارڈ سمیت طلب کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن ٹیم تفتیشی افسر کو شواہد جمع کرنے اور تحقیقات کے مؤثر طریقہ کار سے متعلق واضح رہنمائی فراہم کرے گی تاکہ مقدمہ مضبوط بنیادوں پر استوار ہو اور سزا کے امکانات بڑھ سکیں۔

پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے مقدمات پراسیکیوشن کے لیے ”ریڈ لائن“ کی حیثیت رکھتے ہیں اور ایسے کیسز میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خواتین سے متعلق مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹا رہا ہے اور زیادتی و منشیات کے مقدمات میں سزاؤں کو برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US