میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرِ اہتمام ڈپٹی میئر کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی بھی نکالی گئی جس میں کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کی گئی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور ناقابلِ تسخیر حوصلے کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو غیر قانونی طور پر تبدیل کیا اور عالمی قوانین کو نظرانداز کرتے ہوئے بنیادی حقوق سلب کیے، مگر کوئی طاقت کشمیریوں کے جذبۂ حریت کو نہیں دبا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب ریلی کی قیادت کرتے ہوئے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ 5 اگست کے یکطرفہ بھارتی اقدامات سے کشمیر کی اصل حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِل کراچی کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اقوامِ متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلائے۔