آزاد کشمیر: الیکشن کمیشن نے کامیاب امیدواروں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا

image

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا، جہاں تمام 21 نشستیں انہی دونوں جماعتوں کے حصے میں آئیں، جبکہ مسلم کانفرنس، جماعت اسلامی اور آزاد امیدوار کوئی نشست حاصل نہ کرسکے۔

آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے دوسرے مرحلے میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے ارکانِ قانون ساز اسمبلی منتخب ہونے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابی عمل مکمل ہوا۔

نتائج کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں میں سے 5 پر مسلم لیگ (ن) جبکہ 4 پر پاکستان پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی۔ کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں میں مسلم لیگ (ن) نے 10 اور پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں اپنے نام کیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر انتخابات ہونا تھے، تاہم 2 اگست کو 7 نشستوں پر پولنگ کرائی گئی، جبکہ باقی دو نشستوں پر ووٹنگ بعد ازاں مکمل کی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایل اے 25 نیلم ون سے شاہ غلام قادر، ایل اے 27 سے نورین عارف، ایل اے 30 سے مصطفیٰ بشیر عباسی، ایل اے 31 سے راجہ ثاقب مجید، ایل اے 32 سے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق، ایل اے 34 سے ناصر حسین ڈار، ایل اے 35 سے چودھری اسماعیل اور ایل اے 36 سے محسن احسن رضا مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیاب قرار پائے۔

اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالوحید (ایل اے 26)، سید باذل نقوی (ایل اے 28)، سردار مختار احمد خان (ایل اے 29)، دیوان علی چغتائی (ایل اے 33)، مریم جاوید (ایل اے 37)، ذیشان علی (ایل اے 38) اور راجہ صدیق (ایل اے 39) بھی کامیاب امیدواروں میں شامل ہیں۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا تیسرا مرحلہ 10 اگست کو منعقد ہوگا، جس کے دوران پونچھ ڈویژن کی نشستوں پر پولنگ کرائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US