سندھ کابینہ کا اہم فیصلہ: محنت کشوں کی کم از کم ماہانہ اجرت میں 7.5 فیصد اضافے کی منظوری

image

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں محنت کشوں کی کم از کم ماہانہ اجرت میں 7.5 فیصد اضافے کی منظوری دے دی گئی۔ نئی اجرتوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کابینہ کے فیصلے کے تحت غیر ہنر مند مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے سے بڑھا کر 43 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نیم ہنر مند، ہنر مند اور اعلیٰ ہنر مند کارکنوں کی اجرتوں میں بھی متناسب اضافہ منظور کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ نئی اجرتوں کا اطلاق سندھ بھر کے تمام نوٹیفائیڈ صنعتی اور تجارتی اداروں پر ہوگا، جس کا مقصد کم از کم اجرت کے قانون پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور انہیں بہتر معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے اصلاحاتی پالیسیوں پر مسلسل عمل جاری رکھا جائے گا۔

صوبائی کابینہ نے اجلاس کے دوران محنت کشوں کی فلاح کے علاوہ صحت اور انصاف کے شعبوں سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US