محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں علی الصبح ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی کی شدت میں کمی آئی۔ شہر میں آج 20 سے 80 فیصد تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور دن بھر وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بھی مطلع جزوی ابر آلود ہے جہاں دن بھر موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج صبح اور شام کے اوقات میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ دن کے وقت موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو دن میں بڑھ کر 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔