خیبرپختونخوا میں حالیہ تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے نتیجے میں مزید 9 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصان کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 29 جولائی سے جاری بارشوں کے دوران ایبٹ آباد، سوات، بونیر، خیبر، لوئر چترال اور دیگر اضلاع میں مختلف حادثات پیش آئے جن میں مجموعی طور پر 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے، 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں جبکہ مختلف واقعات میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور فلیش فلڈ سے اب تک 103 مکانات متاثر ہوئے جن میں 39 مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ دیگر گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن، امدادی سرگرمیوں اور نقصانات کے تخمینے میں مصروف ہیں۔
ادھر لوئر چترال میں فلیش فلڈ کے باعث بند ہونے والی سڑکوں کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے باہمی رابطے میں رہتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔